عوامی مسائل کا حل صرف پی پی کے پاس ،وقار مہدی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ 14 نومبر کو ہونے والے بلدیاتی اداروں کے ضمنی انتخابات میں سندھ بھر بالخصوص کراچی کے عوام پی پی پی کو فتح سے ہمکنار کریں گے ۔۔۔
عوامی مسائل کا حل صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے کراچی ڈویژن کے ضلعی صدرو جنرل سیکریٹریز اور بلدیاتی امیدواروں کے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں شریک پیپلز پارٹی کے ضلعی صدرو نے یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین اور وارڈ کاونسلرز کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے سرگرمیوں پر بریفنگ دی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی ڈویژن کی ہر یوسی اور وارڈ میں الیکشن سیل بنائے جائیں گے اور بھرپور ڈور ٹو ڈور الیکشن مہم چلائی جائے گی، جس کے دوران ہر یوسی میں انتخابی جلسے ہوں گے جس سے پارٹی کے رہنما خطاب کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کے دیرینہ مسائل صرف پیپلز پارٹی حل کرسکتی ہے ، جبکہ پیپلز پارٹی کے مخالفین کو کراچی کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر میں صوبائی حکومت کے 200 ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔