اسپتالوں سے نومولود بچوں کو اغوا کرنیوالا گروہ گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ضلع کیماڑی اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل کی خفیہ اطلاع پر کارروائی، اسپتالوں سے نومولود بچوں کو اغواکرکے فروخت کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا گیا۔
ضلع کیماڑی پولیس کو اسپتالوں سے نومولود بچوں کو اغوا کرکے فروخت کرنے میں ملوث ڈسٹرکٹ ٹھٹہ کے رہائشی میاں بیوی کی پاک کالونی میں موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔مذکورہ اطلاع پر انچارج اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل سب انسپکٹر راجہ خالد نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے پاک کالونی بڑا بورڈ کے علاقے سے مذکورہ میاں بیوی کو گرفتار کرکے قبضہ سے ایک نومولود بچی برآمد کرلی۔گرفتار ملزمہ و ملزم کی شناخت شازیہ زوجہ اعجاز علی ہنگورو اور اعجاز علی ہنگورو ولد مولیڈنو کے ناموں سے ہوئی۔گرفتار ملزم و ملزمہ نے دوران انٹروگیشن درج ذیل ہو شربا انکشافات کئے ۔گرفتار ملزم و ملزمہ ضلع ٹھٹھہ کے رہائشی ہیں۔ ملزمہ بی اے پاس گھریلو خاتون ہے جبکہ گرفتارملزمہ کا شوہر ایگری کلچر ڈپارٹمنٹ میں سرکاری ملازم ہے ۔ملزمہ سے برآمدہ نومولود بچی سجاول سول اسپتال سے اغواکی گئی ۔ملزمہ سے برآمدہ نومولود بچی تسلیم نامی ہیلتھ ورکر کی مدد سے اغوا کی گئی جسے ملزمہ نے ڈھائی لاکھ روپے دیے ۔ملزمہ اپنے شوہر کے ہمراہ عاصمہ نامی بے اولاد خاتون کو بچی 8 لاکھ روپے میں فروخت کرنے کراچی آئی تھی۔ملزمہ نے 2019 میں بھی مذکورہ تسلیم نامی ہیلتھ ورکر سے ڈھائی لاکھ روپے میں نومولود بچہ خرید کر فروخت کرنے کاا نکشاف کیا۔گرفتار ملزم و ملزمہ کے خلاف مقدمہ کا اندراج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔