موجودہ دورمیں شہروں کی پہچان تعمیرات سے وابستہ،ڈپٹی میئر
کراچی (آن لائن )ڈپٹی میئرسلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ موجودہ زمانے میں شہروں کی پہچان وہاں کی تعمیرات سے وابستہ ہوگئی ہیں۔۔
فن تعمیرات صرف عمارتوں سے متعلق نہیں بلکہ شہروں کی پلاننگ بھی اس علم کے زمرے میں آتی ہے ،اس فن کے شوقین وہی لوگ ہوسکتے ہیں جنہیں آرٹس بالخصوص فائن آرٹس میں بھی دلچسپی ہو۔یہ بات انہوں نے انڈس یونیورسٹی کے شعبہ کمیونی کیشن آرکیٹکچر اور فوٹوگرافی کورس کے طلبا و طالبات کے وفد سے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے طلبا و طالبات کو کے ایم سی بلڈنگ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نوجوان طلبا و طالبات کو جدید علوم میں مہارت کیلئے محنت اور توجہ کے ساتھ اپنی تعلیم مکمل کرنی چا ہیے ، دنیا میں ترقی کیلئے ضروری ہے کہ کمیونی کیشن، آرکیٹکچر اور فوٹوگرافی کے شعبوں سے وابستہ افراد کو ان کی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کئے جائیں جس کے لئے بلدیہ عظمیٰ ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں دنیا جتنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے اسی تیزی سے تمام الیکٹرانک مواصلات بھی اپ گریڈ ہورہے ہیں،الفاظ کے ذریعہ اتنی جلدی بات نہیں کہی جاسکتی جتنی جلدی تصویروں کی زبانی دوسروں تک بات پہنچائی جاسکتی ہے ،ایک تصویر ایک ہزار الفاظ کا متبادل ہوتی ہے ،اسی وجہ سے آج ہر پرنٹ میڈیا اور الیکٹرونک میڈیاکی کوشش یہی ہوتی ہے کہ ہر اہم خبر کے ساتھ تصویر ضرور ہو۔