میئر کی بلدیہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈ بنانیکی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر،آن لائن)میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی ہے کہ چکن گونیا، ملیریا اورڈینگی جیسے امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے ۔۔
بلدیہ عظمیٰ کے بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈ بنائے جائیں ۔ اسٹریٹ چلڈرنز کیلئے چائلڈ ہوم، بزرگوں کیلئے اولڈ ایج ہوم اور منشیات کے عادی افراد کے لیے علاج گاہیں تعمیر کرنے کی فزیبلیٹی رپورٹ تیار کی جائے ۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف اسپتالوں میں عارضی مدت کیلئے ڈاکٹرز اور ماہرین بھرتی کیے جائیں گے ۔کے ایم سی کے زیرانتظام تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اپنے اسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کریں، یہ بات انہوں نے محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔میئر نے اجلاس کے دوران مختلف اسپتالو ں میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دریں اثناپریس کلب کی لائبریری میں کراچی کارنر کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ کراچی پریس کلب کی لائبریری میں کراچی کارنر ایک اچھی کاوش ہے ، میں انتظامیہ کو پیشکش کرتا ہوں کہ وہ برنس گارڈن، باغ ابن قاسم، کڈنی ہل اورکراچی کے دیگر مقامات پر بھی اسی طرح کی لائبریریاں بنائیں، گزشتہ سالوں کی طرح کراچی پریس کلب کو دس لاکھ کی گرانٹ اور اس کے گارڈن اور روکری کو اپنے والدین کے صدقہ جاریہ کے طور پر ذاتی حیثیت میں تعمیر کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔