قیمتوں میں کمی کے لئے ہول سیلرز کو کمشنر آفس طلب کرنے کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنرکراچی سید حسن نقوی کی زیرصدارت اشیا ئے خورو نوش کی قیمتوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں روٹی نان گروسری سمیت مختلف اشیا کی قیمتیں کم کر نے پر غور کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر غربی اور ڈپٹی کمشنر وسطی کی جائزہ رپورٹس پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنرغربی احمد علی صدیقی اور ڈپٹی کمشنر وسطی طحہٰ سلیم نے روٹی نان اور گروسری کی قیمتوں کی جائزہ رپورٹس پیش کیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوری طور پر تمام اشیا ئے خورونوش کے ہول سیلرز کا اجلاس طلب کیا جاے گا اور ان کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا تعین کیا جائے گا۔اجلاس میں بیف اور مٹن کہ قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز رابعہ سید نے گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ پیش کی۔28اکتوبر تا 3 نومبر کے دوران 186 گروسری کے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں 4 لاکھ 84 ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا جبکہ اسی دوران 36 بیف کے دکانداروں پر 90 ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔اجلاس میں گراں فروشی تجاوزات اور شہری مسائل سے متعلق شہریوں کی شکایت کے ازالے کیلئے کی جانے والی کارروائیوں اور اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔اسسٹنٹ کمشنر جنرل کمشنرکراچی آفس ہاظم بنگوارنے بتایا کہ اب تک 474 شکایات دور کی گئی ہیں۔ 441 پر کارروائی کی جا رہی ہے ، 267 پر کارروائی مطلوب ہے ۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو شہریوں کی ملنے والی شکایات دور کر نے کے لئے ترجیحی اقداماات کر نے کی ہدایت کی ہے۔