100گز کے پلاٹ پر 8منزلہ عمارت کی تعمیر پرعدالت حیران

100گز کے پلاٹ پر 8منزلہ عمارت کی تعمیر پرعدالت حیران

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے آگرہ تاج لیاری میں 8 منزلہ عمارت کی غیر قانونی تعمیر کے خلاف درخواست پر سندھ حکومت،ایس بی سی اے و دیگر کو نوٹس جاری کردیے ۔

جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو غیر قانونی تعمیر کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ آگرہ تاج میں پلاٹ نمبر 129 پر بلڈر عاطف خان غیر قانونی تعمیرات کررہا ہے ۔ ایس بی سی اے کو درخواستیں دینے کے باوجود غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی نہیں کی جارہی۔ عدالت نے سو گز کے پلاٹ پر 8 منزلہ عمارت کی تعمیر پر اظہار حیرت کیا۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے استفسار کیا کہ یہ لیاری میں تعمیر ہورہی ہے ؟ ۔عدالت نے سندھ حکومت، ایس بی سی اے و دیگر سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ دریں اثناء سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم مرکز نائن زیرو سے دھماکہ خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے مقدمے میں ایم کیو ایم کے 12 کارکنوں کی بریت کیخلاف اپیلوں پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے ۔ہائیکورٹ میں ایم کیو ایم کے 12 کارکنوں کی بریت کیخلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر رانا خالد حسین نے موقف دیا کہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اہم نکات اور شواہد کو نظر انداز کیا۔ شریک ملزمان کو عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی تھی۔ عدالت نے اپیلیں منظور کرتے ہوئے بری ہونے والے ملزمان کو نوٹس جاری کردیئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں