حکومتی نا اہلی و کرپشن سے شہر کا انفرا اسٹرکچرتباہ ،منعم ظفر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت و کے ایم سی کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور کرپشن کے باعث شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور عوام شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے دوچار ہیں۔
گزشتہ روزاپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف جاری منصوبے مکمل ہونے کے نام نہیں لے رہے ، دوسری طرف جگہ جگہ استر کاری کیلئے سڑکیں کھود کر چھوڑ دی گئی ہیں،یومیہ لاکھوں شہریوں کو بد ترین سفر کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، کریم آباد انڈر پاس کو کھودے ہوئے طویل عرصہ ہو گیا ، ریڈ لائن کی تعمیر یونیورسٹی روڈ سے ملحق آبادی اور روزانہ سڑک سے گزرنے والو ں کیلئے ایک عذاب بن گئی ہے ، گزشتہ روز ایک کار گڑھے میں گر گئی اور کار سوار زخمی ہو گئے ، سندھ حکومت و کے ایم سی کی نا اہلی و کرپشن کی وجہ سے نہ صرف تعمیراتی منصوبوں کی لاگت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے بلکہ یہ منصوبے عوام کی جان و مال کیلئے بھی خطرے کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ منعم ظفر نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی بجٹ کے اربوں روپوں سے وزراء اور افسران کی چاندی تو ہو جاتی ہے لیکن شہر کی ابتر حالت بہتر ہوئی نہ عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں، گزشتہ دنوں سڑکوں کی استرکاری پر اربوں روپے کا بجٹ خرچ کر دیا اور ناقص تعمیر شدہ سڑکیں تھوڑے سے عرصے میں پھر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں،نااہلی و کرپشن کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کے بجائے ایک بار پھر ان ہی لوگوں کے ذریعے دوبارہ سڑکیں بنوائی جا رہی ہیں جنہوں نے پہلے بھی نا اہلی اور کرپشن کی تھی۔