پانی نظام کی حوالگی:واٹر بورڈ کو منانے میں اسٹیل مل ناکام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے پاکستان اسٹیل مل کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے چیئرمین سیکریٹریٹ کارساز میں ملاقات کی ۔
اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد ،سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان، رکن سندھ اسمبلی ساجد جوکھیو راجا رزاق بلوچ ،سی ای او پاکستان اسٹیل مل اسد اسلام (آن لائن)سید محمود عباس رضوی محمد اصغر شاہین چیئرمین بن قاسم ٹاؤن اور دیگر بلدیاتی نمائندوں سمیت ڈی ایم ڈی آر آر جی واٹر کارپوریشن اور تمام چیف انجینئرز بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اسٹیل مل کے رہائشی علاقے اسٹیل ٹاؤن گلشن حدید فیز 1 فیز 2 اور ایکسٹینشن فیز 3 میں پانی کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پاکستان اسٹیل مل انتظامیہ نے اپنے پانی کا نظام واٹر کارپوریشن کے حوالے کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ واٹر کارپوریشن نے پاکستان اسٹیل مل کو پانی کا مکمل نظام اپنے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ واٹر کارپوریشن حکام نے واضح کیا کہ اگر پاکستان اسٹیل مل زیرو پوائنٹ اسٹیل کینال اور فلٹر پلانٹ سمیت اپنا مکمل نظام واٹر کارپوریشن کے حوالے کرے تو واٹر کارپوریشن ملحقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائے گا۔
اس کے علاوہ پاکستان اسٹیل مل واٹر کارپوریشن کو اپنے بقایاجات کے 11 ارب روپے جلد ادا کرے کیونکہ واٹر کارپوریشن کو اپنے ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات ادا کرنے ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان اسٹیل مل حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹیل مل انتظامیہ اپنے بورڈ سے منظوری لینے کے بعد اپنے موقف سے آگاہ کرے گا۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق جب تک کوئی معاہدہ نہیں ہوتا تب تک اسٹیل مل انتظامیہ گلشن حدید فیز 1 فیز 2 ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک ایکسٹینشن فیز 3 ٹاؤن شپ اسٹیل ٹاؤن صنعتی صارفین سمیت دیگر رہائشی آبادیوں اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پانی کی فراہمی کا خود ذمہ دار ہے کیونکہ پاکستان اسٹیل مل کے رہائشی علاقے اسٹیل ٹاؤن گلشن حدید فیز 1 فیز 2 اور ایکسٹینشن فیز 3 واٹر کارپوریشن کے نئے ایکٹ 2023 کے تحت واٹر کارپوریشن کے زمرے میں نہیں آتے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل کی اراضی میں آنے والے علاقے واٹر کارپوریشن کے نئے ایکٹ کے تحت واٹر کارپوریشن کے سسٹم میں شامل نہیں ہے کیونکہ پاکستان اسٹیل مل کی ایک آئینی باڈی موجود ہے جس کے تحت مذکورہ بالا علاقے پاکستان اسٹیل مل کے زمرے میں آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ واٹر کارپوریشن اپنے بلک واٹر سپلائی سسٹم کراچی گجو کینال کے ذریعے پاکستان اسٹیل مل کو بلا تعطل پانی فراہم کر رہا ہے ۔