ایڈیشنل ایس ایچ او کے اغوا میں ملوث3ملزم پکڑے گئے،3گاڑیاں،8ہزار کلو چھالیہ برآمد
کراچی(رپورٹ :آغا طارق )اسٹیل ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے ماڑی پور اور کورنگی میں چھاپے مارکر ایڈیشنل ایس ایچ او کے اغوا میں ملوث تین ملزموں کو گرفتار کرلیا ۔ملزموں کے قبضے سے 3 گاڑیاں اور 8 ہزار کلو چھالیہ برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی اور ایس پی انویسٹی گیشن کی ہدایات پر اسٹیل ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس کے انچارج انسپکٹر نظر محمد منگریو اور ایس ایچ او محمد خان بوھڑ کی سربراہی میں پولیس نے کورنگی اور ماڑی پور میں چھاپہ مارکر اسٹیل ٹاؤن تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او حبیب اللہ شاھانی کے اغوا میں ملوث ملزموں سلیم، حبیب اللہ اور محمود کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے ایک ریوو سمیت تین گاڑیاں اور 8 ہزار کلو چھالیہ برأٓمد کرلی۔واقعے میں ملوث تین ملزم تا حال فرار ہیں۔اس سلسلے میں ایس ایس پی ملیر کاشف أفتاب عباسی نے بتایا کہ 26 اکتوبرکواسٹیل ٹاؤن میں ایک گودام پر چھاپے کے دوران ملزمان ایڈیشنل ایس ایچ او حبیب اللہ شاھانی کو اغوا کرکے بلوچستان لے گئے تھے جس پرپولیس کی جانب سے ملزموں کے گھروں پر چھاپوں کے بعد حبیب اللہ شاھانی کو چھوڑ دیا گیا تھا اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ جلد باقی ملزموں کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا ۔