چڑیا گھر میں آڈیو،ویڈیو لائبریری بنانے کی ہدایت
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی چڑیا گھر میں نئے جانوروں کا اضافہ، بچوں کے لیے آڈیو ویڈیو لائبریری قائم، پپٹ شو کے انعقاد اور چڑیا گھر کے چاروں داخلی دروازوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کردی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی صدارت میں کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک سے متعلق محکمہ ریکریشن کے افسران کا اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں میونسپل کمشنر افضل زیدی، مشیر مالیات گلزار علی آبڑو، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق احمد یوسفزئی، سینئر ڈائریکٹر ریکریشن عمران راجپوت سمیت متعلقہ محکمہ کے افسران نے شرکت کی۔ میئر کراچی نے چڑیا گھر اور سفاری پارک سے متعلق افسران سے تفصیلی گفتگو کی اور ہدایت کی کہ کراچی چڑیا گھر میں نئے جانوروں کا اضافہ کیا جائے ، بچوں کے لیے آڈیو ویڈیو لائبریری قائم کی جائے ، پیٹ شو منعقد کیے جائیں اور چڑیا گھر کے چاروں داخلی دروازوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں، تاکہ چڑیا گھر آنے والے شہریوں کی سیکورٹی یقینی بنائی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر میں جانوروں کی افزائش نسل بڑھانے کے انتظامات بھی کئے جائیں جبکہ میگا پروجیکٹس کے تحت جو ترقیاتی کام باقی ہیں انہیں جلد سے جلد مکمل کیا جائے ، میئر کراچی نے کہا کہ چڑیا گھر ہمارا تاریخی اثاثہ ہے اس کی حفاظت کرنا اور اسے بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے کہ کراچی چڑیا گھر میں زیپ لائن اور دیگر مزید تفریحی سہولتیں مہیا کی جاسکیں،کھانے پینے کی اشیا کے معیار کو بھی بہتر کیا جائے اور ان ٹھیکیداروں کوپابند کیا جائے کہ جن کے پاس کینٹین اور شاپس کے ٹھیکے ہیں وہ شہریوں کو صحت مند اور معیاری کھانے پینے کی اشیاء فراہم کریں۔سفاری پارک میں جو ٹھیکیدار سہولیات فراہم نہیں کررہے انہیں فوری طور پر بلیک لسٹ کردیا جائے ، میئر کراچی کو بتایا گیا کہ ڈائنو سفاری کا کنٹریکٹ ختم ہوگیا ہے اب اسے کے ایم سی خود چلا رہی ہے ، اسی طرح جمبو جمپنگ، کینٹین، ہارس رائڈنگ اور پارکنگ کے کنٹریکٹس بھی ختم ہوگئے ہیں۔میئر کراچی نے کہا کہ سفاری پارک میں بہتری کی بہت گنجائش موجود ہے اس لیے افسران سفاری پارک کو ایک معیاری اور سہولتوں سے آراستہ پارک بنانے کی تجاویز دیں، انہوں افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ عوام کے لیے تفریحی سہولیات بنیادی سہولیات کی طرح ہیں، کراچی کا شمار زیادہ آبادی والے شہروں میں ہوتا ہے اس لئے یہاں زیادہ سے زیادہ تفریحی سہولتیں مہیا کرنا ضروری ہے ۔