نارتھ کراچی میں نجی اسپتال عملے کی مبینہ غفلت سے زچہ وبچہ جاں بحق
کراچی (این این آئی)مقامی نجی اسپتال میں متعلقہ عملے کی مبینہ غفلت کے باعث زچہ اور بچہ جاں بحق ہوگئے ، واقعے کیخلاف لواحقین نے شدید احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے ایک نجی اسپتال میں عملے کی مبینہ غفلت سے زچہ وبچہ دوران علاج جان کی بازی ہار گئے ۔متوفیہ حاملہ خاتون کے اہل خانہ اور عزیز واقارب نے اسپتال میں شدید احتجاج کیا ان کا کہنا ہے کہ اسپتال کے ڈاکٹرز کی غفلت کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ہے ۔اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ تاحال اسپتال کے کسی عملے کو حراست میں نہیں لیا گیا ہے ، ڈاکٹرز نے متوفی حاملہ خاتون کی ڈلیوری کیلئے پیر کا ٹائم دیا تھا۔حاملہ خاتون کو تکلیف کے باعث اس کے اہل خانہ ایک دن پہلے اسپتال لے آئے ، یہ جس لیڈی ڈاکٹر کا کیس تھا اس نے کہا کہ آج میری ویکلی آف ہے ، متعلقہ ڈاکٹر نے کہا کہ آپ ڈیوٹی پر موجود دوسری لیڈی ڈاکٹرکو دکھائیں۔ پولیس کے مطابق ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت ایک اور مریض میں مصروف تھیں،میرے متوفیہ کو دیکھنے سے پہلے ہی حاملہ خاتون اور بچے کی موت واقع ہوچکی تھی۔