گاڑی لیاری ایکسپریس وے سے گر گئی ، نوجوان جاں بحق ، 3 زخمی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے گلبائی لیاری ایکسپریس وے پل کے اوپر سے تیز رفتار گاڑی نیچے گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے ۔
جاں بحق نوجوان کی لاش اور زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔متوفی کی شناخت 20 سالہ علی احمد ولد اشفاق علی جبکہ زخمیوں کی 22 سالہ عبدالاحد ولد عبدالقدیر،18 سالہ رمضان اور 20 سالہ علی کے نام سے ہوئی۔پولیس نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے گاڑی میں آٹھ افراد سوار تھے تمام افراد ہاکس بے سے پکنک مناکر واپس آرہے تھے پولیس کے مطابق تمام افراد نشے کی حالت میں تھے تاہم گلبائی کے قریب لیاری ایکسپریس وے سے ان کی گاڑی نیچے جاگری جس میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہوئے ۔ پولیس نے بتایا کہ گاڑی میں سوار دیگر چار افراد کو بھی معمولی چوٹیں آئیں تاہم حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کو ہیوی مشینری کی مدد سے نکال لیا گیا جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔علاوہ ازیں بلدیہ ولایتِ علی شاہ مزار کے قریب نامعلوم تیز رفتار بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں بائیک پر سوار 13 سالہ عبد الطیف ولد عبد الرب جاں بحق جبکہ اس کا 5 سالہ بھائی عبداللہ ولد ولد عبد الرب،بہن 11 سالہ سعیدہ دوختر عبدالرب اور والد 50 سالہ عبدالرب ولد عبدالطیف زخمی ہوگئے ۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی اپنے والد اور بہن کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اپنے چھوٹے بھائی عبداللہ کو اسکول چھوڑنے جارہا تھا کہ ولایت علی شاہ مزار کے قریب تیز رفتار مسافر بس نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری تاہم ڈرائیور بس موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا تاہم جاں بحق ہونے والے کم عمر لڑکے کی لاش اور زخمیوں کو علاج کے لیے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔