ماحولیاتی مسائل سے آگاہی دی جائے ،عبداللہ حسین ہارون
کراچی(پ ر)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے پیر کو اپنی مقبول لیکچر سیریز کے تحت میرے تجربات اور ملاقاتیں کے عنوان سے لیکچر کا انعقاد کیا۔
جہاں اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق نمائندے عبداللہ حسین ہارون نے خطاب کیا۔ اپنی گفتگو میں عبداللہ حسین ہارون نے کراچی میں اپنی ابتدائی تعلیم، سماجی کام، سیاست، سفارت کاری، عوامی خدمت میں ہارون خاندان کی خدمات، قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے پیشہ ورانہ کیریئر، تعلیم اور ماحولیاتی مسائل اور کراچی کے ماضی و حال کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کراچی شہر کی تاریخ اور ماحولیاتی مسائل کے بارے میں کہا کہ اس شہر میں سندھ مدرستہ الاسلام کی عمارتوں سمیت خوبصورت عمارتیں ہیں جو زیادہ تر نوآبادیاتی دور میں تعمیر کی گئی تھیں۔ اب کراچی ایک بہت بڑی آبادی والا شہر ہے ، جہاں خاص طور پر سنگین ماحولیاتی مسائل سامنے آرہے ہیں۔ کراچی کے رہائشیوں کی بڑی تعداد ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے بیمار ہے ۔ شہر میں ہوا، پانی اور خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریاں خوفناک ہیں، شہر کا کچرا بھی گزشتہ 100 سالوں سے سمندر میں جا کر اسے آلودہ کر رہا ہے ۔ اس لیے انہوں نے مشورہ دیا کہ خاص طور پر ہمارے نوجوانوں کو ماحولیاتی مسائل کے بارے میں آگاہی ہونی چاہیے اور متعلقہ محکمے اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔قبل ازیں ایس ایم آئی یو کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے اپنے تعارفی کلمات میں کہا کہ سر عبداللہ ہارون کو اپنی مادر علمی سندھ مدرستہ الاسلام سے بڑا لگاؤ تھا اور وہ اس کی اور اس کے طلباء کی مدد کرتے تھے ۔ ڈین ڈاکٹر جمشید عادل ہالیپوٹو نے سیشن کی نظامت کی، جبکہ زنیرہ جلالی نے کارروائی چلائی۔