جناح اسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری ،حکومتی نوٹیفکیشن معطل

جناح اسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری ،حکومتی نوٹیفکیشن معطل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے حکومت سندھ کی جانب سے جناح اسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کے رولز بنانے کے خلاف درخواست پر آئندہ سماعت تک سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

ہائیکورٹ میں جے پی ایم سی کی ڈاکٹر کوثر عباس کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل ملک الطاف جاوید نے موقف دیا کہ گریڈ 20 کی جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی پوسٹ انتظامی ہے ۔ عہدے کے لئے امیدوار کا کلینکل یا میڈیسن کے شعبے سے وابستگی اور ٹیچنگ یا ریسرچ کا پس منظر ضروری ہے ۔ سندھ حکومت کی جانب سے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کے لئے رولز کا اجرا غیر قانونی ہے ۔ سندھ حکومت کو جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کے رولز بنانے کا اختیار نہیں ہے ۔ جے پی ایم سی معاہدے کے باوجود وفاقی حکومت کی ملکیت ہے ۔ جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر من پسند فرد کی تقرری کے لئے مطلوبہ ضروریات میں ترمیم کی گئی۔ سندھ حکومت کو وفاقی ملازمین کی تقرری یا قواعد بنانے کا اختیار نہیں۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 نومبر تک فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں