امارات کی سندھ کیلئے کاوشیں ناقابل فراموش،شرجیل میمن

امارات کی سندھ کیلئے کاوشیں ناقابل فراموش،شرجیل میمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کلفٹن کراچی میں ان کے آفس میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران مشترکہ اقدار کو مستحکم کرنے اور متعدد شعبوں میں تعاون کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امارات کے قونصل جنرل نے سینئر وزیر کو عرب امارات کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔ شرجیل میمن نے برادر اسلامی ملک کا قومی دن برادرانہ جوش و جذبے سے منانے کی یقین دہانی کروائی۔ ملاقات میں معاشی و سماجی ترقی اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔امارات کے قونصل جنرل نے انسداد منشیات کے لئے حکومت سندھ کے اقدامات کی تعریف کی۔بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ سندھ کے عوام کے لئے مختلف شہروں میں عرب اماراتی حکومت کی جانب سے مفت طبی کیمپس بھی لگانے جا رہے ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سندھ کے باہمی برادرانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، عرب امارات کی سندھ کے عوام کے لئے کاوشیں ناقابل فراموش ہیں۔ عرب امارات ہمارا دیرنیہ برادر ملک ہے ، پاکستان، خاص طور پر سندھ، کی ترقی کے لئے عرب امارات کی کوششیں کسی سے پوشیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عرب امارات کے عوام ہر مشکل وقت میں سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، سندھ کے بنیادی ڈھانچے ، صحت اور تعلیم کے میدان میں عرب امارات کی سرمایہ کاری نمایاں کردار ادا کر رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں