شہری سے پیسے اینٹھنے والے 3 پولیس اہلکار معطل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا نے تھانہ پی آئی بی کالونی کی حدود میں شہری سے پیسے اینٹھنے والے تین پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا۔
گلستان جوہر کے رہائشی متاثرہ شہری مقصود خیبر نے اہلکاروں کے خلاف تھانہ پی آئی بھی میں شکایتی درخواست جمع کرائی تھی۔شہری نے اپنی درخواست میں بتایا کہ وہ گارڈن میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں شیف ہے پیر اور منگل کی درمیانی شب رات چار بجے اپنے ریسٹورنٹ بند ہونے کے بعد اپنے گھر کی جانب جارہا تھا کہ جیل چورنگی کے قریب ناکہ لگائے پولیس اہلکار عبدالرحمان،شاہ محمد اور آیان اقبال نے اسے روکا اور موبائل میں بٹھا کر 20 ہزار روپے کا تقاضہ کرنے لگے شہری نے بتایا کہ اس کی جیب میں دو ہزار روپے تھے جو پولیس اہلکاروں نے نکال لیے اور مجھے چھوڑ دیا واقعہ کی شکایتی درخواست جمع کرانے کے لیے آنے والی متاثرہ شخص کی اہلیہ نے سوشل میڈیا پر وائرل اپنے بیان میں بتایا کہ اس کا شوہر افغان شہری ہے اور گزشتہ چالیس سال سے پاکستان میں رہائش پذیر ہے تاہم واقعہ پر ایس ایس پی ایسٹ نے نوٹس لیتے ہوئے ملوث تینوں اہلکاروں کو معطل کردیا ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ ایس ایچ او پی آئی بی نے ملزم اہلکاروں کی شناخت کی اور حراست میں لے لیا،ایس ایچ او نے ابتدائی انکوائری میں تصدیق کی کہ شہری سے رقم اینٹھی گئی تھی، ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا نے ایس ایچ او کو ہدایت کی کہ حسب ضابطہ و قانون کارروائی کی جائے ۔