میئر کی میٹرک امتحان میں پوزیشن ہولڈر سرکاری اسکولوں کے طلبا کی ستائش
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گورنمنٹ اسکول کے طالب علموں کا میٹرک کے امتحان میں پوزیشن لینا باعث مسرت ہے ، ان بچوں کی میٹرک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن آنے سے ان کے والدین کے سرفخر سے بلند ہوگئے ہیں۔
یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ سے ملاقات کے موقع پر کہی، اس موقع پر ان بچوں کے والدین، میٹرک بورڈ کے افسران اور اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز بھی موجود تھے ۔ میئر کراچی نے اس موقع پر ان طالب علموں کو شاباش بھی دی اور کہا کہ میری خواہش ہے کہ میٹرک کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم حافظ عبدالرافع، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ رومیسا عمران اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ رخسار اسی طرح مستقبل میں بھی کامیابیاں حاصل کریں، اس سلسلے میں ان طلبہ کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہوں۔طلبہ نے کہا کہ وہ بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں جس پر میئر کراچی نے کہا کہ بیرون ملک تعلیم کے لیے ہر طرح کی مدد کی جائے گی۔