منشیات فروشوں کیخلاف آج سے آپریشن کا اعلان

منشیات فروشوں کیخلاف آج سے آپریشن کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ نے صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ کر لیا ہے ، محکمہ ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول ونگ کی جانب سے بدھ (آج)سے سندھ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف باضابطہ آپریشن شروع کیا جا رہا ہے ۔

 ابتدائی طور پر پہلے مرحلے میں دو بڑے شہروں کراچی اور حیدرآباد میں آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ بعد ازاں، سندھ کے دیگر اضلاع میں آپریشنز کئے جائیں گے ۔ سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے بھرپور آپریشن کے احکامات جاری کر دیئے اور سندھ بھر سے محکمہ ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول ونگ کی نفری طلب کر لی گئی ہے ۔شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول ونگ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز محمد سلیم راجپوت، ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول ونگ اورنگزیب اکبر پنہور اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ بھر میں آج سے منشیات فروشوں کے خلاف مرحلہ وار آپریشن شروع کیا جائے اور پہلے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد کے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کر کے منشیات سے پاک کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف دائرہ وسیع کرتے ہوئے دیگر اضلاع میں بھی جلد آپریشن شروع کر دیا جائے گا، ہمارا ٹارگٹ کرسٹل، آئس، ہیروئن، کوکین اور چرس ہے ، اس کا خاتمہ ہر صورت میں یقینی بنانا ہوگا، پولیس اور رینجرز بھی ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کے ہمہ وقت تیار ہے ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ انسداد منشیات کے نئے قانون کے بعد ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے ، اپنی آئندہ نسلوں کو منشیات کی لعنت سے بچانے اور منشیات سے پاک معاشرے کو یقینی بنانے کے لئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے روک تھام کے لئے کی جانے والی کوششوں کو اطمینان کا احساس اور خوشی ہوتی ہے ، انسداد منشیات ونگ کو مضبوط اور مثالی بنانا اب ہماری ذمہ داری ہے ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات اور اعزازات سے نوازا جائے گا، انسداد منشیات کے خلاف کارروائیوں کو ذاتہ طور پر مانیٹر کر رہا ہوں، روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کی رپورٹ دی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں