ضمنی انتخابات،پولنگ اسٹیشن حساس قرار دینے کامطالبہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ادار ہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ۔۔
کہ ہم 14نومبر کے ضمنی انتخابات میں ماضی کی طرح ایک بار پھر پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے پر ی پول رگنگ کی شدید مذمت کرتے اور مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام 166پولنگ اسٹیشن کو حساس قرار دیا جائے اور ہر پولنگ اسٹیشن پر رینجرز تعینات اور کیمرے نصب کیے جائیں، عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے بلدیاتی انتخابات میں فارم11اور 12اور پھر 13میں بڑے پیمانے پر جعل سازی کرکے اور عام انتخابات میں جعلی فارم47بنا کر مسترد شدہ لوگوں کو جتوانے کی کوشش کی گئی تو اس کی شدید مزاحمت کریں گے ۔ پری پول رگنگ اور سنگین بے قاعدگیوں و بے ضابطگیوں کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال کر چکے ہیں۔ جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن اور 87یوسی چیئرمینوں سمیت تمام بلدیاتی نمائندوں نے مختصر وقت، محدود وسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود عوام کی مثالی خدمت کی ہے ، عوام کو 120پارکوں کا تحفہ دیا، 32اسکولوں کو اپ گریٖڈ کیا، 40ہزار سے زائد اسٹر یٹ لائٹس نصب کیں، قابض میئر کی کارکردگی کا تو یہ حال ہے کہ جہانگیر روڈ ٹھیک طرح سے نہ بنا سکے ، اربوں روپے کی استر کاری بارشوں میں بہہ گئی۔پریس کانفرنس میں نائب امیرکراچی راجہ عارف سلطان، سیکرٹری کراچی توفیق الدین صدیقی بھی موجود تھے ۔