واضح پالیسی نہ ہونے سے بلدیاتی ملازمین واجبات سے محروم

 واضح پالیسی نہ ہونے سے بلدیاتی ملازمین واجبات سے محروم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی محتسب سندھ سہیل راجپوت کی زیر صدارت کے ایم سی اور ٹی ایم سیز کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت منعقد ہوئی۔

 سماعت کے دوران صوبائی محتسب نے کہا کہ صوبائی حکومت کی مالیاتی کمزور صورتحال سے بخوبی آگاہ ہیں ،تاہم بلدیاتی ملازمین کے واجبات کی ادائیگی سے متعلق واضح پالیسی نہ ہونے کے باعث کے ایم سی اور ٹی ایم سیز کے ریٹائرڈ ملازمین پنشن و دیگر واجبات کیلئے پریشان ہیں جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی جانب سے سیکڑوں پٹیشنز بھی زیر سماعت ہیں۔ سہیل راجپوت نے کہا کہ واجبات کی ون ونڈو ادائیگی کیلئے کے ایم سی کو ذمہ داری لینی چاہیے جبکہ متعلقہ محکموں کی تجاویز کی روشنی میں ایک متفقہ سمری ڈرافٹ سندھ کابینہ سے منظوری کے لیے تیار کیا جانا چاہیے ۔ صوبائی کابینہ کا فیصلہ واجبات کے لیے پریشان بلدیاتی ملازمین کے مسئلے کا بہتر حل ہوگا۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری سید خالد حیدر شاہ نے بتایا کہ کے ایم سی اور ٹی ایم سیز اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہیں ،ہم کوشش کررہے ہیں کہ واجبات کی ادائیگی کیلئے مرحلہ وار کوئی حکمت عملی مرتب کی جائے ۔ میونسپل کمشنر کے ایم سی افضل زیدی نے کہا کہ اس وقت کے ایم سی کے پاس 9 ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی سے متعلق کیسز ہیں جس میں سے اگلے ماہ تک 750 واجبات کے کیسز کو حل کردیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں