سندھ ہائیکورٹ:غیر قانونی تعمیرات پر جواب کیلئے ایس بی سی اے کو 2دن کی مہلت ،50ہزار جرمانہ

سندھ ہائیکورٹ:غیر قانونی تعمیرات پر جواب کیلئے ایس بی سی اے کو 2دن کی مہلت ،50ہزار جرمانہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے غیر قانونی تعمیرات سے متعلق درخواست پر ایس بی سی اے کو جواب جمع کرانے کیلئے دو دن کی مہلت دے دی۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو غیر قانونی تعمیرات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

ایس بی سی اے حکام کی جانب سے تاحال جواب جمع نہیں کرایا گیا۔ جواب جمع نہ کرانے پر عدالت نے ایس بی سی اے حکام پر اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس ایک سال سے زیر التواء ہے ۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس میں کہا کہ گزشتہ سماعت پر جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دی گئی تھی۔ ایک ہفتے کی مہلت کے باوجود بھی تاحال جواب جمع نہیں کرایا گیا، جب عمارت تعمیر ہو جائے گی تو آپ لوگ جواب جمع کرائیں گے کہ عمارت غیر قانونی ہے اور آکر یہ جواب جمع کرائیں گے کہ رہائشیوں کو عمارت خالی کرانے کے لئے نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ اب اگر آپ کو جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دیں گے تو ایک دن کے 25 ہزار جرمانہ کے حساب سے وقت دیا جائے گا۔ ایس بی سی اے حکام نے جواب جمع کرانے کیلئے دو دن کی مہلت مانگ لی۔ عدالت نے ایس بی سی اے حکام کو 18 نومبر کو جواب کے ساتھ 50 ہزار جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔دوسری جانب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے بچوں کی اسمگلنگ و دستاویزات میں ردوبدل کے مقدمے میں عالیہ صارم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے ملزمہ کو ایک لاکھ روپے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیدیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں