مویشیوں پر ٹیکس وصولی:گڈاپ اور ابراہیم حیدری ٹاؤن میں پھر اختلافات پیدا ہوگئے
کراچی (رپورٹ:آغا طارق )اندرون ملک سے دودھ دینے والے جانوروں کے کراچی آنے پر ٹیکس وصولی کے معاملے پر ایک مرتبہ پھر گڈاپ ٹاؤن اور ابراہیم حیدری ٹاؤن میں سخت اختلافات پیدا ہو گئے ۔
لوکل گورنمنٹ کمیشن کے فیصلے کے باوجود گڈاپ ٹاؤن نے ملچنگ ٹیکس وصولی کا ٹھیکہ 70 کروڑ روپے میں ٹھیکے دار کے حوالے کر دیا ۔ابراہیم حیدری ٹاؤن نے بھی سسی ٹول پلازہ ۔سپر ہائی وے پر چنگیاں قائم کردیں،چنگیاں قائم کرنے پر دونوں ٹاؤن کے ملازمین میں جھگڑے لڑائی معمول بن گئی ۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر لوکل گورنمنٹ کمیشن سندھ نے صوبائی وزیر سعید غنی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ دودھ دینے والے جانوروں پر ٹیکس ابراہیم حیدری ٹاؤن وصول کرے گا اور جانوروں کا صحت سرٹیفکیٹ گڈاپ ٹاؤن جاری کرے گا لیکن اس فیصلے کے باوجود ملچنگ ٹیکس اور صحت سرٹیفکیٹ ٹیکس گڈاپ ٹاؤن ہی وصول کرتا رہا ہے جبکہ کچھ دن قبل جب ابراہیم حیدری ٹاؤن نے ملچنگ ٹیکس وصول کرنے کیلئے سسی ٹول پلازہ نیشنل ہائی وے اور سپر ہائی وے پر چیک پوسٹیں قائم کی تو وہاں موجود گڈاپ ٹاؤن کے ٹھیکے دار و ملازمین نے بھرپور مخالفت کی جس کے بعد آئے دن دونوں ٹاؤن کے ٹھیکے دار اور ملازمین میں ٹیکس وصولی کے معاملے پر جھگڑے معمول کا حصہ بن گئے ہیں ۔
اس سلسلے میں جب گڈاپ ٹاؤن کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا فون بند آ رہا تھا جبکہ ابراہیم حیدری ٹاؤن کے چیئرمین نظیر احمد بھٹو نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر لوکل گورنمنٹ کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ملچنگ ٹیکس وصول کریں لیکن ہمارے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے ، ہمیں چنگیاں لگانے اور ٹیکس وصول کرنے نہیں دیا جا رہا جس کا صاف مطلب ہے کہ گڈ اپ ٹاؤن لوکل گورنمنٹ کمیشن کے فیصلے کو ماننے کیلئے تیار نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کمیشن اور عدالت کے حکم کے بعد ہی ہم نے مذکورہ مقام پر چنگیاں قائم کی ہیں جو ہمارا قانونی اور ائینی حق ہے اور جو چنگیاں ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ عدالت اور کمیشن کے فیصلے کی انحرافی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گڈ اپ ٹاؤن میں صحت سرٹیفکیٹ کا ٹیکس وصول کرنا بھی ابراہیم حیدری ٹاؤن کا حق ہے کیونکہ کراچی میں جتنا جانور بھی آتا ہے وہ ابراہیم حیدری ٹاؤن کی حدود بھینس کالونی منڈی میں آتاہے لیکن ہم نے کمیشن کے فیصلے کو قبول کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے عوام کے خاطر اس ٹیکس وصولی کے لیے بھرپور کوششیں کرتا رہوں گا اور اپنے ابراہیم حیدری ٹاؤن کو اس کا حق دلا کر رہوں گا۔