سرکاری لائن سے تیل چوری دہشتگردی کے مترادف قرار

سرکاری لائن سے تیل چوری دہشتگردی کے مترادف قرار

کراچی (این این آئی) تیل کی سرکاری لائن سے چوری کی وارداتیں دہشت گردی سے مماثل قرار دے دی گئیں، پولیس کے اعلی حکام کی ہدایت پر مقدمات سی ٹی ڈی کو منتقل کر دیے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں سرکاری تیل کی لائن سے چوری کی منظم وارداتیں کی جا رہی ہیں، چند روز قبل بن قاسم کے مختلف مقامات سے تیل چوری کے لیے لگائے گئے کلپ پکڑے گئے تھے اور تیل چوری میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم لطف سیال سمیت متعدد ملزمان گرفتار ہوئے تھے ۔اعلی پولیس حکام کی جانب سے مختلف واقعات سامنے آنے پر سخت نوٹس لیا گیا ہے اور ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن عامر فاروقی نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے بن قاسم تھانے میں درج ہونے والے 2 مقدمات فوری طور پر سی ٹی ڈی کو منتقل کر دیے ۔حکم نامے میں ڈی آئی جی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پارکو ایک اہم تنصیب ہے ، جس سے چھیڑ چھاڑ نہ صرف سنگین جرم ہے بلکہ یہ عمل دہشت گردی کی کارروائی کے مترادف بھی ہے ، اس لیے موجودہ ایف آئی آرز میں اس پہلو کی خصوصی چھان بین کی جائے ۔حکم نامے کے مطابق کیس کی تفتیش ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی نگرانی میں کی جائے گی اور تفتیش ایس ایس پی سی ٹی ڈی سے کروائی جائے گی۔پولیس ریکارڈ کے مطابق تیل چور گروہ کے سرغنہ لطف سیال کے خلاف سندھ بھر میں 11 مقدمات درج ہیں، جن میں 6 مقدمات بن قاسم، 1 شاہ لطیف ٹان، 2 دادو، ایک خیرپور ناتھن اور کسٹمز کراچی میں بھی مقدمہ درج ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں