طاقتور قبضہ مافیا اور سسٹم کے گھیراؤ کی تیاریاں ، اراکین اسمبلی میدان میں آگئے
کراچی (رپورٹ:محمد علی حفیظ )کراچی میں طاقتور قبضہ مافیا اور سسٹم کے خلاف بھرپور آپریشن کروانے کیلئے تاجر برادری اور نامور بلڈرز کے بعد اب کراچی کے ارکان سندھ اسمبلی بھی میدان میں آگئے ہیں۔۔۔
جنہوں نے سرجانی ٹائون میں طاقتور سسٹم کے تحت پولیس کی ملی بھگت سے قبضوں کے خلاف اہم سکیورٹی اداروں کے اعلی افسران سمیت کئی سرکاری حکام کو خطوط ارسال کردیئے ہیں۔ ارکان سندھ اسمبلی کا دعویٰ ہے کہ شہر میں ایک مضبوط قبضہ مافیا شہریوں اور سرکاری اداروں کی خالی زمینوں پر قبضہ کررہا ہے جس کو سسٹم کی پشت پناہی حاصل ہے تفصیلات کے مطابق کراچی کے معروف تاجر، تعمیرات کا کام کرنے والے نامور بلڈرز اور ارکان سندھ اسمبلی نے شہر کے سب سے اہم مسئلے ’’قبضہ مافیا اور سسٹم کی لوٹ مار پر ہر سطح پر آواز بلند کرنا شروع کردی ہے ۔شہر کے تمام اکابرین کا ماننا ہے کہ نہ صرف کاروباری حضرات بلکہ کراچی کی اکثریت اس وقت قبضہ مافیا اور سرکاری اداروں میں موجود کرپشن سسٹم کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں جن کے خلاف اب آپریشن کا ہونا لازمی اور بے حد ضروری ہوگیا ہے ۔اس سلسلے میں سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 117 سے منتخب ایم پی اے عبد اللہ شیخ نے اہم ترین اداروں کے اعلی افسران کو خط لکھ کر سرجانی ٹائون میں کے ڈی اے کی اراضی پر قبضوں کی نشاندہی کی ہے ایم پی اے نے خط میں واضح طور پر لکھا ہے کہ زمینوں پر قبضے کرنے والے مافیا کی پشت پناہی سسٹم اور سندھ پولیس کے کرپٹ عناصر کررہے ہیں کے ڈی اے کی اسکیم 41 کے سیکٹرز 13 اور بالخوص سب سیکٹرز 13/1 اور 13/5 میں کمرشل اور رہائشی پلاٹس پر قبضے جاری ہیں اصل الاٹیز قبضہ مافیا سے سخت پریشان ہیں کے ڈی اے کے متعلقہ افسران بھی طاقتور قبضہ اور سسٹم کے سامنے بے بس ہیں اس کے علاوہ کورنگی اور لانڈھی کے کئی ارکان اسمبلی نے بھی اسی طرز پرادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے) کی اراضی پر قبضوں کا مسئلہ اہم ترین اداروں کے اعلیٰ افسران کے سامنے اٹھایا ہے ۔ دوسری جانب ذرائع کا دعوی ہے کہ زمینوں پر قبضے اور سسٹم چلانے والے عناصر کے تانے بانے کچھ اہم سیاسی شخصیات سے جاکر جوڑتے ہیں لیکن گزشتہ ہفتے ایک اجلاس میں کراچی میں موجود قبضہ مافیا اور سسٹم کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ کارروائی کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے جبکہ شہر کی تاجر برادری اور معروف بلڈرز سمیت شہری حلقے بھی قبضہ مافیا اور سسٹم کے خلاف ایکشن کی اطلاعات پر اطمینان کا اظہار کررہے ہیں۔