ڈی سی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو،اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے دفتر بلوا کر کھلی کچہری لگوالی
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )ڈی سی نے نہ چلنے والے اے سی بھی چلا لئے ، عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ڈپٹی کمشنر نے اپنی نگرانی میں موقع پر احکامات جاری کروائے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے ڈی سی دفتر میں بیٹھ کر عوامی مسائل سنے ۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ دنیا نے کئی بار یہ نشاندہی کی کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے علاوہ دیگر افسران وزیر اعلی کی جانب سے مختص کروائے جانے والے پبلک ٹائم کے دوران اپنے دفاتر میں موجود نہیں ہوتے اور سائلین کو نہیں سنتے جس پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی و اسسٹنٹ کمشنر صدر کو اپنے دفتر میں بلوا کر کھلی کچہری کی صورت میں اپنی نگرانی میں عوامی مسائل سننے کی تلقین کی ۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل سٹی اور تحصیل صدر کے رہائشیوں کے تمام مسائل خصوصا ریونیو سے متعلقہ شکایات پر متعلقہ افسران سے فوری احکامات جاری کروائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل جڑانوالہ، سمندری ،تاندلیانوالہ اور چک جھمرہ کے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی اپنے اپنے دفاتر میں بیٹھ کر کھلی کچہری کی صورت میں عوامی مسائل سننے کا پابند بنایا، جس پر چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ریونیو عوامی خدمت سروسز کے تحت کچہری لگا کر عوامی مسائل سنے اور ان کے حل کی پیشرفت سے آگاہی لے کر بیشتر درخواستوں کونمٹا دیا۔ گزشتہ روز ریونیو عوامی خدمت سروسز کے تحت دن 11 بجے سے 2 بجے تک شہریوں کے محکمہ مال سے متعلقہ مسائل سنے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع فیصل آباد کے 6 اسسٹنٹ کمشنرز کو ایک ہی وقت میں عوامی مسائل سننے کے کام پر لگایا تو شہریوں میں بھی امید کی کرن جاگ اٹھی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور حل طلب درخواستوں کو موقع پرنمٹایا جارہا ہے ، گزشتہ روز شہریوں کے درستگی ریکارڈ،فرد کا اجراء، انتقالات کا اجراء،رجسٹری انکم سرٹیفکیٹ، معائنہ ریکارڈ،ڈومیسائل کا اجرا اور ریونیو سے متعلقہ دیگردرخواستوں کو سن کر موقع پر ہی درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے ۔