کمشنر کی زیر صدارت کرشنگ سیزن،گندم کی بوائی کا جائزہ اجلاس
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد سلوت سعید گنے کے کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے متحرک،انہوں نے گنے کے کرشنگ سیزن پر عملدرآمد سمیت گندم کی بوائی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور۔۔۔
چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو گنے کے کاشتکاروں کو10 یوم میں بقایاجات کی ادائیگی کرانے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ادائیگی نہ کرنے والی شوگر ملز سیل اور ان کی انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کرائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ادائیگی نہ کرنے والی ملز سے چینی کا سٹاک ضبط کرکے نیلام کرائیں اور کسانوں کو ادائیگی کرائی جائے ۔کسانوں کو ادائیگیاں نہ کرنے والی شوگر ملز کو گنا فروخت نہ کرنے کی تشہیر کریں۔کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کسانوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی سخت ترین ہدایات جاری کررکھی ہیں۔اس ضمن میں زیروٹالرنس ہے کمشنر نے گندم کی بوائی کے اہداف پر بریفنگ بھی لی۔18 لاکھ 34 ہزار263،ایکڑ پر گندم کی فصل کاشت ہوچکی ہے جو ہدف کا97 فیصد ہے ۔انہوں نے کہا کہ یوریا اور اے ڈی پی کھادوں کی دستیابی،مقررہ نرخوں پر کسانوں کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے ۔