سراغ رساں کتوں سے ٹرانسفارمر کوائل کی چوری پکڑی گئی

سراغ رساں کتوں سے ٹرانسفارمر کوائل کی چوری پکڑی گئی

محراب پور(نمائندہ دنیا)محراب پور کے صحافیوں کی جانب سے چوری کا سامان خریدنے والی ٹرانسفارمر اور کباڑی مافیا کو بے نقاب کرنے کے باوجود پولیس کی دونوں مافیا کے خلاف عدم کارروائی کے نتیجے میں گز شتہ شب پلاٹوں والے قبرستان کے قریب سے ٹرانسفارمر کی کوائل چوری ہوگئی۔

جس پر اہل محلہ نے سراغ رساں کتے منگوائے جو ٹھری میراہ رابطہ سڑک پر رمضان آرائیں کی ٹرانسفارمر کی دکان تک پہنچ گئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے اور پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے ،دوسری جانب ذرائع سے معلوم ہواہے کہ مبینہ طورپر پولیس اور ٹرانسفارمر مافیا کے درمیان مک مکا کے لئے بات چیت چل رہی ہے ، شہر میں چوری کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے ،سیاسی، سماجی تنظیموں نے ایس ایس پی نوشہرو فیروز سینگار علی ملک سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ علاوہ ازیں محراب پور کے صحافیوں کے خلاف کباڑی مافیا کے مبینہ کارندے افضل آرائیں کی مقدمے کے لئے دائر درخواست عدالت نے مسترد کر دی ہے ۔ ایڈیشنل سیشن جج کنڈیارو کی عدالت کے جج علم الدین جانوری نے محراب پور پریس کلب کے بانی سلیم صحافی،صدر منور احمد ملک، یونس رفیق ملک، محمد کاشف کمبوہ، نعمان عرف مانی مغل اور وسیم مغل کے خلاف کباڑی افضل آرائیں کی کی درخواست کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے رد کر دیا۔ صحافی تنظیموں نے عدالتی فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں