پنوعاقل میں قبائلی تنازعے نے مزید دو افراد کی جان لے لی
سکھر،لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)پنوعاقل میں قبائلی تنازعے نے مزید دو جانیں لے لیں، ایک شخص زخمی، علاقہ فائرنگ کی آواز سے گونج گیا ۔
اطلاعات کے مطابق پنوعاقل کے کچے کے علاقے رضا گوٹھ میں مہر اور جتوئی قبائل میں جاری دیرینہ تنازعہ ایک بار پھر بھڑک اٹھا،دونوں قبائل کے مسلح افراد نے ایک دوسرے پر جدید اسلحے سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مہر قبیلے کے دو افراد ابراہیم اور امداد موقع پر جاں بحق ہوگئے اور ایک شخص وسیم مہر زخمی ہوگیا، دونوں قبائل کے درمیان فائرنگ اتنی شدید تھی کہ پولیس کئی گھنٹے گز ر جانے کے باوجود علاقے میں داخل نہیں ہو سکی ،تاہم بعد ازاں پولیس نے پہنچ کر علاقہ کی صورت حال پر قابو پایا اور مقتولین کی لاشوں اور زخمی کو تعلقہ اسپتال پہنچایا ۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ رحمت پور کی حدود نظر محلے ریلوے پھاٹک کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے سیلون پر بیٹھے قطب کالونی کے رہائشی 45 سالہ چوکیدار حسن علی جاہو کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے ۔واقعے کی اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر پوسٹ مارٹم کے لیے نعش چانڈکا ہسپتال منتقل کردی، اس موقع پر مقتول کے ورثاء نے کا کہنا تھا کہ ہماری اپنی برادری کے لوگوں سے پرانی دشمنی ہے جس کی بنا پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے حسن علی کو قتل کیا۔ اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ، ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے پولیس ٹیمیں روانہ ہوچکی ہیں۔