تھر فاؤنڈیشن کے تحت سائنس میلہ،طلبہ کااظہار دلچسپی

 تھر فاؤنڈیشن کے تحت سائنس میلہ،طلبہ کااظہار دلچسپی

تھرپارکر (رپورٹ: اعجاز بجیر) تھر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سائنس میلے میں ہزاروں طلبائوطالبات ، اساتذہ اور مقامی افراد نے شرکت کی اور گہری دلچسپی کااظہار کیا۔

مٹھی میں میگا سائنسی نمائش ‘‘میگنیفائی سائنس تھر 2024 ’’کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ تھر فاؤنڈیشن اس نمائش کو مستقل طور پر جاری رکھے ، جس سے مقامی طلبہ مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ معاشرے کی تعمیر و ترقی سائنس کے ذریعے ہی ہو سکتی ہے ۔اس موقع پر سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے سی ای او عامر اقبال، ایم پی اے فقیر شیر محمد بلالانی، سیکریٹری ثقافت خیر محمد کلوڑ، ایم ڈی سٹیوٹا منور مٹھانی، جی ایم تھر فاؤنڈیشن فرحان انصاری اور دیگر نے نمائش کادورہ کیا ۔افتتاحی تقریب کے بعد سردار شاہ نے نمائش کا دورہ کیا جہاں طلباء نے انہیں مختلف سرگرمیوں کے دوران سائنسی معلومات سے آگاہ کیاجبکہ دوران نمائش انسانی ارتقا کے خاکے پیش ، نباتاتی تحقیقی سرگرمیاں بھی ہوئیں اس کے علاوہ سائنس اور فطرت کے بارے میں دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں ۔ وزیر تعلیم نے کہاکہ تھر کے بچے بہت ذہین اور باصلاحیت ہیں اگر انہیں تربیت دی جائے تو یہ صوبے اور ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں ،ان میں ہارورڈ اور آکسفورڈ کے بچوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کی بھی صلاحیت ہے ۔ان کا کہناتھاکہ سندھ کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں سال بھر سائنسی نمائشیں اور علاقائی مقابلے منعقد کیے جائیں گے ، جس کے بعد کراچی میں بڑی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں