ملاکھڑے کے مقابلوں میں غلام حسین اور نورمحمد فاتح قرار
میرپورخاص(بیورورپورٹ)وزارت سندھ ثقافت اسپورٹس فیسٹیول کے دوسرے روز سندھ کے قدیم کھیل کھیل ملاکھڑے کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ۔
رحیم یار خان سمیت سندھ بھر کے پہلوانوں نے بھرپور زورآزمائی کی اور بالآخر لالہ غلام حسین اور نور محمد پنجابی مشترکہ طور پر فاتح قرار پائے ۔تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی ٹاؤن چیئرمین ولی محمد ناریجو تھے ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نیاز چاکی ،صدر پریس کلب نذیر احمد پنہور، جنرل سیکریٹری عاطف بلوچ، سینئر صحافی واحد حسین پہلوانی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفسر واشدیو مالہی، ناصر، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نعیم غوری اور دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفسر نے مہمانوں کا پہلوانوں سے تعارف کرایا ۔ جیتنے والے پہلوانوں کو مہمان خصوصی نے نقد رقم اور ٹرافی سے نوازا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفسر نے سابق پہلوان ساجن مری کو دس ہزار روپے دینے کا بھی اعلان کیا اور صحافیوں کو بتایا کہ صوبائی وزیر سردار محمد بخش خان مہر اور سیکریٹری عبدالعلیم لاشاری کی ہدایت پر سندھ ثقافت اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے ۔انہوں نے مزید کہاکہ ان مقابلوں میں نوجوانوں کو صحت مند انہ سرگرمیاں میسر آئی ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحتیں دکھانے کا موقع بھی ملا ہے۔