محکمہ ایکسائز میں تبادلوں و تقرریوں پر پابندی عائد ، عملے کو یونیفارم میں ملبوس رہنے کا حکم

محکمہ  ایکسائز  میں  تبادلوں  و  تقرریوں  پر  پابندی عائد  ،  عملے  کو  یونیفارم  میں  ملبوس  رہنے  کا  حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ نے محکمہ کے افسران کو ٹیکس اہداف مزید بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکریٹری ایکسائز کو تمام تقرریوں و تبادلوں پر پابندی کی ہدایت کی ہے ۔

صوبائی وزیر نے تمام متعلقہ عملہ و افسران کو دفاتر و چیک پوسٹوں پر یونیفارم میں ملبوس رہنے کا حکم دیا اور کہا کہ محکمہ کے افسران و عملے کی غیر حاضری ناقابل قبول ہوگی۔ یہ احکامات انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیے ۔ اس موقع پر سیکریٹری ایکسائزمحمد سلیم راجپوت، ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول ونگ اورنگزیب پنہور، ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شبانہ پرویز و دیگر افسران بھی اجلاس میں شریک تھے ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو سیکریٹری ایکسائز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال جولائی تا نومبر مجموعی ٹیکس وصولی اہداف 84669.167 ملین روپے تھے جبکہ محکمہ نے مجموعی طور پر 96289.659 ملین روپے کے محصولات وصول کیے جو اہداف سے 14 فیصد زیادہ ہے ۔ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 6532.464 ملین روپے ، ایکسائز انیکٹمنٹ کی مد میں 3756.411 جبکہ انفرااسٹرکچر سیس بشمول بینک گارنٹی کی مد میں 85172.373 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا ہے ۔ پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 707.327 ملین روپے ، کاٹن فیس کی مد میں 71.856 ملین روپے جبکہ انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 49.228 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ مکیش کمار چاولہ نے افسران پر زور دیا کہ وہ محصولات کے حصول کے لیے مزید اقدامات کریں اور محصولات میں اضافے کے لیے دو دن میں اپنی تجاویز پیش کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں