بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کانووکیشن،250 طلبہ کو اسناد تفویض
لاڑکانہ(بیورورپورٹ)شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن میں 250 طلبا و طالبات کوڈگریاں تفویض کی گئیں۔
تقریب میں وائس چانسلر سمیت اساتذہ، طالبعلموں اور والدین نے شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف لاڑکانہ پروفیسر محمد عثمان کیریو، بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی سکھر کی وائس چانسلر پروفیسر تہمینہ ناگراج اور دیگر نے ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، بی ایس نرسنگ، فارمیسی اور پوسٹ گریجویٹ طلبا و طالبات کو ڈگریوں سے نوازا،اسی طرح طالبات نے تعلیمی میدان میں سبقت برقرار رکھتے ہوئے 23 میں سے 21 گولڈ میڈل اپنے نام کیے ، بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے چانڈکا میڈیکل کالج کے سابق مرحوم پرنسپلز پروفیسر وزیر محمد، غلام رسول قریشی اور پروفیسر بلقیس ملک کو بھی گولڈ میڈلز دیے گئے اور انکی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد سے نوازا گیا ،میڈلز اور اسناد انکے اہلخانہ نے وصول کیں ۔کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے کہا کہ مستقبل ہیلتھ ٹیکنالوجی کا ہے ، ہم نے تحقیق کے میدان میں اپنا لوہا منوایا ہے اور اس حوالے سے منفرد پہچان بنائی ہے ۔ بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی سکھر کی وائس چانسلر پروفیسر تہمینہ ناگراج نے والدین ، اساتذہ اور طلبہ کو مبارکباد دی۔