ٹریفک کا نظام منظم کرنے کی ضرورت ہے ، میئر
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو منظم کرنے کی ضرورت ہے ۔
میئر نے کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر افسران کے ساتھ ایمپریس مارکیٹ، جہانگیرپارک، پارکنگ پلازہ، کے ایم سی ڈسپنسری، صدر، ٹاور، فریئر ہال کے قریب پرانا امریکی قونصلیٹ، سندھ وائلڈ لائف میوزیم کی عمارت اور کراچی پریس کلب کے اطراف کی سڑکوں دورہ کیا۔میونسپل کمشنر کے ایم سی، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔اس موقع پر میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے تاریخی ورثے کی حفاظت کی جائے گی، کراچی کی تاریخی عمارات شہر کے حسن میں اضافہ کرتی ہیں، تاریخی عمارات کے اطراف تجاوزات کو ختم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہر میں تعمیر و ترقی کے کام مل جل کر انجام دینے کا فیصلہ ہوا، تمام ادارے شہر کی بہتری اور ترقی کے لئے ایک پیج پر ہونے چاہئیں، شہر میں ٹریفک کے نظام کو منظم کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے ساتوں اضلاع میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے کام جاری ہے ، صدر کے علاقے میں تاریخی عمارات ہیں، صدر کے علاقے کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب اور کمشنر کراچی حسن نقوی نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پی آئی ڈی سی پر پودا لگایا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں سبزے اور درختوں کی اشد ضرورت ہے ، موسمی پھولوں اور دلکش پودوں کو سڑکوں کے اطراف لگایا جائے گا۔