نیو سبزی منڈی میں زیرِ تعمیر گھر سے انسانی ڈھانچہ برآمد
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)نیو سبزی منڈی کے قریب ایک زیرِ تعمیر گھر سے انسانی ڈھانچہ نکل آنے سے کھلبلی مچ گئی۔
پولیس نے بتایا کہ انسانی ڈھانچہ نشے کے عادی شخص کا لگتا ہے جو ایک سال یا اس سے زائد عرصہ پرانا ہے تاہم معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ 11 دسمبر 2023 کو کراچی کے علاقے کورنگی فقیر کالونی مکان کی کھدائی کے دوران انسانی باقیات برآمد ہوئی تھیں، لاش کو چادر میں لپیٹ کر دفن کیا گیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ہڈیوں کا ڈھانچہ مبینہ طور پر خاتون کا ہے ، مکان مالک عظیم نے ایک سال قبل گھر خریدا تھا، تعمیر کے دوران کمرے کی کھدائی کی تو انسانی ڈھانچہ نکلا۔حکام کا کہنا تھا کہ سلیم کشمیری نامی شخص سے ایک سال قبل گھر خریدا گیا، لاش کو چادر میں لپیٹ کر دفن کیا گیا تھا جو کئی سال پرانی معلوم ہوتی ہے ۔پولیس نے شواہد جمع کیے تھے جب کہ فرانزک ٹیم نے ڈی این اے کیلئے سیمپل لیے تھے ۔اس سے قبل 7 اکتوبر 2023 کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں زمزمہ اسٹریٹ پر واقع بنگلے سے انسانی ڈھانچا ملا تھا جسے شناخت اور میڈیکل کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ایس ایس پی ساؤتھ عمران قریشی نے بتایا تھا کہ ملنے والی باقیات کی جنس ابتدائی تحقیقات میں معلوم نہیں ہو سکی، بنگلہ محمد احمد اسلم نامی شخص کی ملکیت ہے جس نے پراپرٹی سیل کی غرض سے اسے خریدا تھا۔پولیس کے مطابق مذکورہ بنگلہ 7 ماہ سے بند پڑا تھا۔