خدمت و دیانت ہی الخد مت کی ٹیگ لائن ،منعم ظفر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ الخدمت کے رضا کار ہی اس کے فرنٹ لائن سپاہی ہیں۔
2005 کا زلزلہ ہو یا 2010 اور 2022 میں آنے والا سیلاب الخدمت کے رضاکاروں نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر ملک و قوم کی خدمت کی ہے ۔خدمت اور دیانت ہی الخد مت کی ٹیگ لائین ہے ۔ نوجوان بطورِ رضاکار ملک وقوم کی خدمت کیلئے الخدمت سے جڑ جائیں۔ عالمی یوم رضا کار، یوتھ گیدرنگ الخدمت کراچی کا پہلا پروگرام ہے جو آئندہ ہر سال منعقد کیا جائے گا۔ تعلیم کے میدان میں الخدمت بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔انٹر نیٹ کی سست روی سے آئی ٹی سے وابستہ نوجوانوں کو مسائل کا سامنا ہے جن کا حل بہت ضروری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت والنٹیئرز پروگرام کے تحت عالمی یوم رضاکار کے موقع پر مقامی ہال میں الخدمت یوتھ گیدرنگ 1.0سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے الخدمت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی، ڈائریکٹر والنٹیئرز مینجمنٹ یوسف محی الدین، ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدر الدین،آئی ٹی کنسلٹنٹ شمیم راجانی، بینک الفلاح کے محمد عبد الرحیم،فلسطینی طلبہ جابز ایم جے نوفل اور دائی بی آئی ابوتیمہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کملانی اور ڈائریکٹر ڈائگنوسٹک سروسز ڈاکٹر عظیم الدین و دیگر بھی موجود تھے ۔ تقریب کے دوران الخدمت کی سرگرمیوں، بنو قابل گریجویشن تقریب، آرفن کیئر پروگرام کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ،الخدمت میگا پلانٹیشن ڈرائیو میں بہتر ین کاردگی دکھانے والے رضاکاروں کو شیلڈز اور تقریب میں تمام رضاکاروں کو اسناد دی گئیں۔