سب سے اہم مسئلہ عوام کا اعتماد بحال کرنا ،چیف سیکریٹری
کراچی (این این آئی)چیف سیکریٹری سید آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ سب سے اہم مسئلہ صوبے کی عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے ،عوام انتظامیہ پر بھروسہ نہیں کرتے ،اس کی بڑی وجہ ان کے مسائل وقت پر حل نہ ہونا ہے۔۔۔
صوبے میں غربت،بے روزگاری ودیگر بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں اور ان کے بنیادی مسائل حل کریں۔وہ مقامی ہوٹل میں انگلش اسپیکنگ یونین کے دعوت پر ممبران سے خطاب کررہے تھے ،اس موقع پر پیٹرن انچیف انگلش اسپیکنگ عزیز میمن،صدر پرویز مدراس والا،جنرل سیکریٹری مجید عزیز،سنئیر نائب صدر عرفان قریشی نے بھی اظہار خیال کیا۔ایک سوال پر چیف سیکریٹری نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ کراچی اب روشنیوں کا شہر نہیں رہا،آج بھی کراچی ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے بہتر حالت میں ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ مسائل بہت زیادہ ہیں ،لیکن اس کا مقصد یہ نہیں کہ ان پر توجہ نہیں دی جارہی یا انہیں حل کرنے کی کوشش نہیں کی جارہی،انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ شہر میں آبادی کا بوجھ ہے ،انفرااسٹرکچر اس طرح نہیں بڑھا جس طرح ضرورت ہے ،انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ جوآخری مردم شماری کی گئی ہے اس میں صحیح آبادی ظاہر کی گئی اس سلسلے میں کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیے ،چیف سیکریٹری سندھ نے کہاکہ یہ تاثر بھی درست نہیں کہ سندھ میں کام کرنے والے سرکاری افسران یا ملازمین پر سیاستدانوں کا دباؤ ہوتا ہے ۔