اٹلی کا قابل تجدید توانائی منصوبوں میں اظہار دلچسپی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اطالوی وزارت دفاع کے سینئر مشیر فرانسسکو ماریا ٹالو کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات میں تجارت، تعلیم ، کلچر اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اطالوی سفیر ای مارلینا آرمیلن اور دیگر اہم سفارت کار بھی موجود تھے ۔ ملاقات اٹلی اور پاکستان خصوصاً سندھ کے درمیان تعاون بڑھانے کی جانب اہم قدم ہے ۔ اس موقع پر فریقین نے مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دے کر لوگوں کیلئے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اطالوی ماہرین کو انفرا اسٹرکچر کی بہتری کیلئے دعوت دینے اور سندھی طلبہ کو اطالوی انسٹی ٹیوشنز میں تعلیم حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی پر زور دیا۔ تجارت، کلچر، تعلیم کے میدان میں تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیاگیا۔ سندھ اور اطالوی صنعتوں کے درمیان کپڑے ، چمڑے اور زراعت میں تعاون سے معاشی ترقی کی نئی منڈیاں تلاش کی جا سکتی ہیں۔ سیکیورٹی، انسداد دہشتگردی اور آفات سے نمٹنے کیلئے اٹلی کی جدید مہارتوں پر بھی بات کی گئی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو تربیت اور شہری علاقوں میں آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں میں اضافے کے وسیع امکانات موجودہیں۔ ملاقات میں سندھ کے انفرا اسٹرکچر، قابل تجدید توانائی منصوبوں اور مواصلاتی نظام میں اطالوی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔