رہائشی علاقوں میں غیر محفوظ سلنڈر دکانیں سر بمہر کرنے کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنرکراچی سید حسن نقوی کی زیرصدارت ایل پی جی کی غیر قانونی فروخت کے خلاف اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا فیصلہ کیا گیا کہ غیر معیاری گیس سلنڈر فرخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو موثر بنایا جائے گا۔
اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز رابعہ سید ، اوگرا، سول ڈیفنس ،سوئی گیس کمپنی فائر بریگیڈ ، پولیس کے افسران ،ایل پی جی اسٹینڈنگ کمیٹی ایف پی سی سی آئی کے کنوینر محمد علی حیدر اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں ایل پی جی اور سلنڈر کی غیر قانونی فروخت کے خلاف اقدامات اور کارروائی کی تفصیلات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر کی گلی کوچوں میں 3 ہزار سے زائد دکانیں قائم ہیں جن میں بیشتر ایل پی جی سلنڈر کی فروخت کے قانونی تقاضوں اور متعین قواعد کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔اجلاس نے فیصلہ کیا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے فیصلہ کیا گیا فوری طور پر تمام ایل پی جی سلنڈر فروخت کرنے والوں کو وارننگ جاری کی جائے گی وہ اگلے پندرہ روز میں ایل پی جی فروخت کے حفاظتی اصول و قواعد پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے بصورت دیگر قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کی دکانیں سیل کر دی جائیں گی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو 300 دکانیں پہلے ہی بند ہیں ان میں وہ دکانیں جو جمعہ تک مطلوبہ تقاضے پورے کردیں گی انہیں دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی جائے گی ۔کمشنر نے کہا کہ گھروں اور رہائشی عمارتوں میں قائم تمام ایل پی جی فروخت کی دکانیں غیر محفوظ اور غیر قانونی ہیں انھیں فوری طور ہر سربمہر کیا جائے۔