کرپشن بڑا چیلنج ،ہرسطح پر روک تھام ہونی چاہیے ،مقررین

کرپشن بڑا چیلنج ،ہرسطح پر روک تھام ہونی چاہیے ،مقررین

سکھر(بیورو رپورٹ)انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک کااہتمام کیاگیا۔قومی احتساب بیورو سکھر ریجن کے زیر اہتمام آگاہی واک نیب سکھر آفس سے آئی بی اے یونیورسٹی تک کی گئی۔۔

جس کی قیادت ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو سکھر ریجن فیاض حسین قریشی اور ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کی۔ واک میں ممبر سندھ پبلک سروس کمیشن قاضی شاہد پرویز، نثار صدیقی ٹاؤن چیئرمین طارق چوہان، سرکاری محکموں کے افسران، سول سوسائٹی، اساتذہ، طلبہ سمیت مختلف شعبوں کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔واک کے شرکاء نے بدعنوانی سے پاک خوشحال پاکستان، کرپشن کے خلاف ہمقدم جیسے بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی نیب سکھر ریجن فیاض احمد قریشی نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام ہر سطح پر ہونی چاہیے ، نیب ترامیم کے بعد موجودہ قوانین کے تحت ہم اپنا کام کر رہے ہیں۔ ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ بدعنوانی بڑا چیلنج ہے ،سندھ حکومت بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کام کر رہی ہے ۔ دوسری جانب محکمہ انسداد رشوت ستانی کے زیر اہتمام رشوت مٹاؤ،نئی نسل بچاؤ،کرپشن سے پاک پاکستان کے عنوان سے لوگوں میں شعور و بیداری مہم کے سلسلے میں مینارہ روڈ سے سکھر پریس کلب تک واک کی گئی ۔ واک میں محکمہ انسداد رشوت ستانی سکھر ڈویژن کے افسران ، سکھر کی سیاسی ،سماجی ،مذہبی تاجر تنظیموں کے رہنماؤں ،سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے افسران ، این جی اوز، سول سوسائٹی کے نمائندگان و مختلف درسگاہوں کے اساتذہ ،بچوں و شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں