ٹریفک روانی میں خلل کا باعث عوامل کا خاتمہ کیا جائے ،طارق دھاریجو
حیدر آباد (نمائندہ دنیا) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس طارق رزاق دھاریجو حیدرآباد رینج نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک پولیس افسران متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تجاوزات سمیت ٹریفک کی روانی میں خلل کا باعث بننے والے عوامل کا خاتمہ کریں۔۔
ضلع انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس ٹریفک نظام کی بہتری کے لئے ٹریفک پولیس کی بھرپور معاونت کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریفک جام کے اسباب، مقامات، سدباب اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایس پی ٹریفک عطا محمد نظامانی، ڈی ایس پی ٹریفک سٹی داد الرحمن، ڈی ایس پی لطیف آباد انور علی جتھیال اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے ٹریفک افسران کو ہدایات دیں کہ فوری طور پر مصروف ترین ٹریفک سیکشنز میں نفری کی تعداد پوری کی جائے ، ٹریفک سیکشن افسران اپنے علاقوں میں گشت یقینی بنائیں،کوئیک رسپانس فورس کی تعداد مکمل کرکے ٹریفک مینجمنٹ بورڈ کے نشاندہی کردہ جگہوں پر تعینات کیا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا، لفٹرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ون وے وائلیشن کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد، شہریوں میں ٹریفک قوانین کی آگاہی اور اس پر عمل کرنے کے حوالے سے بھرپور مہم بھی چلائی جائے ۔ انہوں نے ٹریفک افسران کو عوامی شکایت پر فوری ایکشن لینے اور ٹریفک جام والے مقامات پر روڈ کھلوانے کے احکامات دئیے ۔