روپوش ، اشتہاری، منشیات فروش سمیت 8ملزم گرفتار
پڈعیدن (نمائندہ دنیا) پڈعیدن کے نواحی علاقوں میں پولیس کا کریک ڈاون ، روپوش ، اشتہاری، منشیات فروش سمیت 8 ملزم گرفتار، غیرقانونی اسلحہ، چوری شدہ موٹر،1535 لٹر شراب اور بڑی تعداد میں گٹکا برآمد کر کے مقدمات درج کر لئے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق درس اور محراب پور تھانوں کی پولیس نے الگ الگ کارروائیوں میں 2 مطلوب، روپوش و اشتہاری ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم گل محمد جیسر سنگین نوعیت کے مقدمے میں اشتہاری اور ارشد رند سنگین نوعیت کے ایک مقدمے میں روپوش تھا۔ ابڑان پولیس نے کارروائی کرکے ملزم کو غیرقانونی اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزم عطا محمد بھٹی کے قبضے سے ایک پستول برآمد کرکے سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مٹھیانی تھانے کی پولیس نے چوری کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا۔ دوران تفتیش گرفتار ملزم صدام انڑ کی نشاندہی پر چوری شدہ پانی کی موٹر بھی برآمد کرلی گئی۔ ٹھاروشاہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر شراب کے بھٹے پر کارروائی کرکے 1500 لٹر سے زائد کچی شراب برآمد کر لی،ملزم فرار ہوگئے ۔ مفرور ملزم واجد، ندیم، امجد اور رستم اجن کے خلاف سرکار کی مدعیت میں منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ دوسری جانب پڈعیدن،بھریاروڈ اور مورو تھانوں کی پولیس نے الگ الگ کارروائیوں میں 4 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔ امداد سولنگی سے 20 لٹر ،دلاور لاشاری سے 15 لٹر شراب، فاروق راجپوت سے 2640 گرام گٹکا،زاہد سابقی سے 600 گرام گٹکا برآمد کرکے متعلقہ تھانوں میں منشیات اور گٹکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔