جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے ،قراۃ العین میمن
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر )ڈپٹی کمشنر انجینئر قراۃ العین میمن نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے ۔
۔مالی سال 25-24 میں جاری ہونے والے فنڈز کو 100 فیصد ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے ۔یہ بات انہوں نے ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام افسروں اپنے اپنے ترقیاتی منصوبوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں،کام اور مٹیریل کے معیار کو یقینی بنائیں۔میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جس محکمے کے فنڈز مکمل استعمال نہ ہوئے ان کے افسروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فناس و ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 25-24 کے دوران 202 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔جس کیلئے 28 ارب 80 کروڑ 29 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔11 ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔191 منصوبوں پر کام جاری ہے ۔جن پر اب تک 2 ارب 87 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فراہم کردہ فنڈز کو 100 فیصد ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کر دیا جائے گا۔