معاشی حب کا کوئی پرسان حال نہیں،متعدد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،شہریوں کو مشکلات
کراچی(سٹی ڈیسک)کراچی کی متعدد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ جانے کے باعث لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں اور اس کے نتیجے میں گاڑیاں بھی خستہ حالی کا شکارہیں۔۔۔
پاکستان کا معاشی حب کراچی ہے جو ٹیکس کا سب سے بڑا ذریعہ بھی ہے لیکن اس کے باوجود 2 بندرگاہیں رکھنے والے کراچی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ ہزاروں کلو میٹر پر پھیلا تباہ حال روڈ انفرااسٹرکچر اس بات کا گواہ ہے کہ ملکی معیشت کو کندھے پر اُٹھانے والا یہ شہر بری طرح نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔گرومندر سے تین ہٹی جانے والی جہانگیر روڈ کی حالت زار توجہ کی منتظر ہے ،اسی طرح پی آئی بی کالونی کے ساتھ گزرنے والی جیل روڈ کی خراب حالت سے بھی عوام واقف ہیں جہاں سڑک پر گڑھے پڑے ہوئے ہیں۔لیاقت آباد اور جیکب لائن میں بھی سڑکوں کی خراب صورت حال سے مکین نالاں ہیں۔کورنگی کارخ کرنے والے بھی وہاں کی سڑکوں کی حالت سے بخوبی واقف ہیں۔ شہریوں کا شکوہ ہے کہ اول تو سڑکیں بنتی نہیں اور بنتی ہیں تو اتنے خراب مٹیریل سے کہ ایک دو ماہ بعد ہی پھر ویسی ہی ناہموار اور گڑھے دار ہو جاتی ہیں، یونیورسٹی روڈ اور بعض دیگر اہم سڑکیں اسی خرابی کی مثال ہیں۔ خراب سڑکوں کے باعث لوگوں کو جن مسائل کا سامنا ہے ، اُن میں ٹریفک جام سرفہرست ہے ۔موٹرسائیکل سواروں کا کہنا ہے کہ گڑھوں کی وجہ سے ریڑھ کی ہڈی متاثر ہورہی ہے،کراچی کا روڈ نیٹ ورک کئی ہزار کلو میٹر طویل ہے ۔