جے ایس ایم یو میں پہلی جینیٹک مالیکیولرلیب قائم

جے ایس ایم یو میں پہلی جینیٹک مالیکیولرلیب قائم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امریکا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنیز آف نارتھ امریکا (اپنا) نے پاکستان کی پہلی جینیٹک مالیکیولر لیب قائم کردی۔

لیب میں قبل از وقت بچے کی پیدائش میں جسمانی اور ذہنی معذوری کی تشخیص ممکن ہوگی۔ لیبارٹری جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے کیمپس میں قائم کی گئی ہے ۔کراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اپنا کے صدر ڈاکٹر آصف محی الدین، جنرل سکریٹری ڈاکٹر رضوان نعیم، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن اور ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید قریشی نے شرکت کی۔ڈاکٹر آصف محی الدین نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستانی عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ایک اہم قدم ہے ۔ڈاکٹر امجد سراج میمن نے بتایا کہ یہ لیبارٹری ماں کے پیٹ سے پانی نکال کر بچے کی جینیاتی خرابیوں اور جنس کی شناخت میں مدد دے گی۔ اپنا نے ڈاؤ یونیورسٹی میں ایڈوانس ٹیکنالوجی سینٹر کے قیام کے لیے 2لاکھ ڈالرز اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے منصوبوں کے لیے ایک لاکھ ڈالرز فراہم کیے ہیں۔ڈاکٹر رضوان نعیم نے بتایا کہ اپنا پاکستان میں قدرتی آفات کے دوران امدادی کیمپوں کے قیام، سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے منصوبوں اور غذائیت کی کمی کے خاتمے کے لیے یو ایس ایڈ کے تعاون سے کام کر رہی ہے ۔ڈاکٹر سعید قریشی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے ایمرجنگ ٹیکنالوجی انسٹیٹیوٹ کے قیام کا منصوبہ زیر غور ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں