میرپور خاص :ٹاسک فورس کی کارروائیاں،3ملزم پکڑے گئے
میرپورخاص،پنگریو(بیورورپورٹ،نمائندہ دنیا) ڈی آئی جی میرپورخاص زبیر احمد دریشک کی ٹاسک فورس نے منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارر وائیاں کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی مقدار میں گٹکا اور مین پوری برآمد کرلی۔
پہلی کارروائی میں شیراز پٹھان کو گرفتار کرکے 150گٹکے ، دو موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل بر آمد کرلی گئی جبکہ اس کا ساتھی منشیات فروش فراز ولد شفیع فرارہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ٹاسک فورس کی دوسری کارروائی اولڈ میرپور تھانے کی حدود میں کی گئی جس کے دوران عامر جنجھی کو گرفتار کرکے 1450 ماوا ،گٹکے کے 4 کٹے بر آمد کرلیے گئے ۔ تینوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ۔اسی طرح تیسری کارروائی محمود تھانے کی حد ود میں کی گئی جہاں چنگ چی رکشے سے بڑی مقدار میں گٹکے کی کھیپ پکڑی گئی۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔ پنگریو سے نمائندے کے مطابق ضلع بدین میں پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرکے 2 کلو گرام سے زائد چرس اور 54 لٹر دیسی شراب برآمد کر لی۔اطلاعات کے مطابق کارروائیوں کے دوران ایک روپوش سمیت 10 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے گئے ۔ نندو پولیس نے ملزم یعقوب پنھور کو گرفتار کرکے 1080 گرام چرس برآمد کرلی۔ شہید فاضل راہو پولیس نے ملزمان علی حیدر چانڈیو، سائیں بخش چانڈیو اور کلو کولھی کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے 998 گرام چرس برآمد کر لی ۔اسی طرح اسی تھانے کی پولیس نے مزید کارروائی کے دوران دیسی شراب فروخت کرنے والے ملزمان احسان علی چانڈیو، علی حسن چانڈیو اسلم چانڈیو کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے 29 لٹر دیسی شراب برآمد کر لی جبکہ ٹنڈو غلام علی پولیس نے دوران گشت کارروائی کرکے منشیات کے کیس میں مطلوب روپوش ملزم علی نواز گشکوری کو گرفتار کرلیا ،ایک اور کارروائی کے دوران دیسی شراب فروخت کرنے والے ملزم کرشن کولھی کو 15 لٹرز دیسی شراب سمیت گرفتار کرلیا گیا ۔ سی آئی اے پولیس نے ملزم محمد رمضان بچو کو 10 لٹرز دیسی شراب سمیت گرفتار کرلیا۔