بینظیربھٹو نے آمریت کا مقابلہ کیا ، سختیاں جھیلیں،عبدالجبار
حیدرآباد(خبر ایجنسی)وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے خوراک و سابق ایم پی اے عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ 27دسمبر جب بھی آتا ہے ہمارے غم تازہ ہوجاتے ہیں کیونکہ اس دن محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا۔
ان کی جمہوریت کیلئے قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ بینظیربھٹو آج ہم میں نہیں ہیں لیکن ان کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہے گی۔ ملک کے عوام یہ سمجھتے ہیں کہ محترمہ بینظیربھٹو ہی حقیقی معنوں میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کیلئے جدوجہد کرنے والی نڈر خاتون تھیں۔ انہوں نے کہاکہ بینظیربھٹو تاریخ کا حصہ ہیں اور جب بھی تاریخ لکھی جاتی ہے محترمہ بینظیربھٹو جیسی نڈر اور جرات مند خاتون کو تاریخ یاد کرتی ہے ۔ ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد جس طرح محترمہ بینظیربھٹو نے آمریت کا مقابلہ کیا ، سختیاں برداشت کیں، جیلیں کاٹیں لیکن وہ نہ تو جھکیں اور نہ ہی بکیں، آج بھی جرات مندی کی جب بھی بات ہوتی ہے تو محترمہ بینظیربھٹو کا نام سرفہرست ہوتا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیربھٹو کو شہید کرنے والے آج خود بھی اس دنیا میں موجود نہیں اور نہ ہی ان کو یاد کرنے والا کوئی ہے لیکن بینظیربھٹو او رپیپلزپارٹی آج بھی پورے ملک میں اور بین الاقوامی سطح پر جانی اور پہچانی جاتی ہیں۔ یہ صرف ذوالفقار علی بھٹو، بینظیربھٹو کا فکر وفلسفہ ہی ہے کہ پیپلزپارٹی ہر آنے والے دن کے ساتھ مضبوط ومستحکم ہو رہی ہے۔