پی پی میں اختلافات،بلدیہ چیئرمین کے رکن اسمبلی پر الزامات
جیکب آباد(این این آئی)جیکب آباد میں پیپلزپارٹی اختلافات کا شکار ہوگئی ، بلدیہ چیئرمین نے رکن سندھ اسمبلی پرشہر میں کام نہ کرانے کے الزامات عائد کردیے ،جس پر ایم پی اے حاجی شیر محمد مغیری کا کہناہے کہ جن کو میری خدمات اور کام نظر نہیں آرہے ان کی نظر کمزور ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں پیپلزپارٹی ایک بار پھر اختلافات کا شکار ہو گئی ہے، بلدیہ چیئر مین جو کہ ایم این اے اور پیپلزپارٹی کے ڈویژنل صدر اعجاز حسین جکھرانی کے چچازادبھی ہیں نے اپنی ہی پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی پر الزامات لگائے ہیں جس کے بعدپیپلزپارٹی رہنماؤں میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں جس کے بعد پیپلزپارٹی جیکب آباد دھڑا بندی کا شکار نظر آرہی ہے ۔بلدیہ چیئرمین عباس جکھرانی نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ایم این اے اور سینیٹر کے ترقیاتی کام چل رہے ہیں ، ایم پی اے کی کوئی اسکیم نہیں ۔دوسری جانب اس سلسلے میں رابطے پر ایم پی اے حاجی شیر محمد مغیری کاکہنا تھا کہ جن کو میرے کام اور خدمات نظر نہیں آرہی ان کی نظر کمزور ہے اور وہ حسد کا شکار ہیں ، ایم پی اے فنڈابھی تک نہیں ملا، جب ملا تو عوام کی بھلائی پر خرچ کیا جائے گا، ذاتی خرچ پر شہر میں کام کرائے ہیں ، امراض چشم کا مفت کیمپ 21دسمبر کو لگایا جارہا ہے جہاں غریب مریضوں کے مفت آپریشن کرکے ادویات دی جائیں گی جن کے پاس فنڈز ہیں انہوں نے تو عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔