چور سنار کی دکان سے سونا چاندی سے بھری تجوری لے اڑے
سکھر،اندرون سندھ (بیورو رپورٹ) پنوعاقل میں چور سنار کی دکان سے لاکھوں روپے کی رقم اور کروڑوں روپے کے سونے اور چاندی کے زیورات سے بھری تجوری لیکر فرار ہوگئے ۔
اطلاعات کے مطابق پنوعاقل کے علاقے شاہی بازار میں نامعلوم چور صراف احسان ملک کی دکان سے اس کی منوں وزنی تجوری چوری کرکے لے گئے ،صراف احسان ملک کے مطابق تجوری میں کروڑوں روپے مالیت کے دو سو تولہ سونے کے زیورات،ایک کلو چاندی، لاکھوں روپے کے پرائز بانڈ اور لاکھوں روپے کی نقدی موجود تھی ۔سنار کے مطابق وہ گز شتہ روز دکان بند کرکے گیا تو تجوری موجود تھی ، تاہم اگلے روز دکان کھولی تو تجوری غائب تھی ۔دوسری جانب چوری کی اطلاع پرڈی ایس پی پنوعاقل عبدالستار پھل اور ایس ایچ او پنوعاقل نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے واردات کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ سکھر پولیس نے موٹر سائیکل چوری میں ملوث ملزم شاہد عرف شاہجہان بلو کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ۔ لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور 2 چھینی گئی موٹرسائیکلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق علی گوہر آباد پولیس نے مقابلے کے دوران 2 ملزمان واجد مگسی اور ارشد میرانی کو اسلحہ سمیت، باڈہ پولیس نے منشیات فروش شیر محمد عرف شیرو کولاچی کو تقریباً ڈیرھ کلو چرس سمیت، یونیورسٹی پولیس نے ڈکیتیوں جیسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں روپوش ملزم عبدالغفار جتوئی کو،آریجا پولیس نے ڈکیتی کے مقدمے میں روپوش 2 ملزمان رضوان جانوری اور گلزار جانوری کو، سچل پولیس نے طارق چانڈیو نامی ملزم کو آدھا کلو چرس سمیت گرفتار کرلیا ۔