ماجو میں کمپیوٹنگ گیمنگ مقابلے ،100سے زائد طلبہ شریک
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمدعلی جناح یونیورسٹی میں دو روزہ ’’کمپیوٹنگ گیمنگ مقابلوں‘‘جناح لیگ 2024 کا انعقاد کیا گیا۔
جناح لیگ اے سی ایم طلباء سوسائٹی کے زیراہتمام منعقد کیاگیا تھا۔ جناح لیگ میں 9ٹیموں کے 100 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔کمپیوٹنگ مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے 9کھلاڑیوں کو مختلف انعامات سے نوازا گیا۔جناح لیگ کا افتتاح محمد علی جناح یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹرزبیرشیخ نے کیا جبکہ اختتامی سیشن میں ایک پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیاگیا۔اس موقع پر طلبہ وطالبات سمیت والدین کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے کہا کہ کمپیوٹنگ صرف کی بورڈ،مائوس یا مشین کانام نہیں ،کمپوٹنگ ہمارے معاشرہے اور قوم کے مسائل حل کرتاہے ، کمپیوٹنگ میں بہترآئیڈیاز آتے ہیں اسی سوچ کا نام کمپیوٹنگ ہے ،تعلیمی ادارے ہی انسانی کمپیوٹر پیدا کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اے سی ایم ٹیم کو مبارک باد دیتاہوں جس کی کاوشوں سے جناح لیگ کامیاب ہوا ،اللہ نے چاہا تو جناح لیگ کو انٹرنیشنل ایونٹ میں بھی متعارف کرائیں گے ۔ماجو کی فیکلٹی کمپیوٹنگ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شوکت وصی نے کہا کہ جناح لیگ پروگرامنگ مقابلوں کا ایونٹ ہے ، جس میں 9 کیٹگریاں ہیں ۔ اس طرح کے ایونٹ سے ماجو اور شعبہ کمپیوٹنگ کے بارے میں اچھا تاثر سامنے آیا،بچوں کو انڈسٹری میں بہتر مواقع ملتے ہیں ، سوشل میڈیا پر جناح لیگ میں ہونے والے مقابلوں میں ایک ٹرینڈ بھی بن سکتاہے ،اورجدید ٹیکنالوجی کے بارے میں بھی لوگوں کو معلومات ہوگی۔ اے سی ایم سوسائٹی کے سرپرست اور فیکلٹی کمپیوٹنگ کے سید حیدر امام نے کہا کہ اے سی ایم گلوبل سوسائٹی ہے جو کمپیوٹنگ کی فیلڈ میں بہت کام کررہی ہے ۔جناح لیگ میں معیاری فوڈ اسٹال اور دیگر سرگرمیاں بھی ہوئیں۔