نوجوان آگے بڑھ کرفرسودہ نظام ختم کریں، گورنرسندھ

نوجوان آگے بڑھ کرفرسودہ نظام ختم کریں، گورنرسندھ

کراچی (این این آئی )گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ نوجوان منفی سوچ کو نکال کر مثبت سوچ اپنائیں ، کامیابی یقینی ہے۔۔۔

پاکستان میں ٹیلنٹ اور وسائل کی کوئی کمی نہیں ،نوجوانوں کو آگے بڑھ کر اس فرسودہ نظام کو ختم کرنا ہوگا کیونکہ اس ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاؤس میں داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے 12ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، وائس چانسلر ، فیکلٹی ممبران ، طلبہ و طالبات اور ان کے والدین بھی شریک تھے ۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ آج طلبہ و طالبات نے ڈگریاں نہیں بلکہ اپنا مستقبل حاصل کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ90فیصد طالبات گولڈ میڈل حاصل کرتی ہیں۔طالبات اپنا گولڈ میڈل کچن یا چولہے کی نذر مت کریں۔ طالبات کے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ اپنی بیٹیوں کو خوب پڑھائیں ان کی ڈگریاں شوکیس میں سجا کر نہ رکھیے گا،ان لڑکیوں کو آگے بڑھنے دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پور ے پاکستان کا معاشی چہرہ ہے ۔بدقسمتی سے معیشت اور روشنیوں کے اس شہر کو آج کسی کی نظر لگ گئی ہے ۔شہر قائد میں گندگی کے ڈھیر اور جگہ جگہ گڑھے پڑے ہوئے ہیں۔ اس شہر میں قاتل ڈمپر شہریوں کو کچل رہے ہیں۔ کراچی کا نوجوان ڈگریاں حاصل کرکے بھی بیروزگار ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں